حیدرآباد30اکتوبر (یو این آئی)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں بائیں بازو کی عسکریت پسندی سے نمٹنے کیلئے مرکز کی جانب سے شروع کردہ بیشتر اقدامات کو آگے بڑھانے کے لئے آئندہ پانچ برس کا عرصہ اہم ہے۔انھوں نے حیدرآباد کی نیشنل پولیس اکیڈیمی میں آج صبح آئی پی ایس پروبیشنرس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ان پرزور دیا کہ وہ بالخصوص جموں وکشمیر ،شمال مشرقی و وسطی ہندوستان کے بعض حصوں میں ان طاقتوں کے خلاف شروع کردہ رفتار کو یقینی بنائیں۔انھوں نے پروبیشنرس پر زور دیا کہ وہ سائبر جرائم ، انٹرنیٹ پر مبنی جرائم ، فرضی نیوز اور بے چینی و خوف جیسے نئے اور ابھرتے ہوئے جرائم سے ہونے والے چیلنج سے نمٹنے کے لئے مہارت،کارکردگی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار پیداکریں۔